پاکستان ایران کے ساتھ کھڑا ہے، کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں: مصطفیٰ کمال

10

جنیوا، 21 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کی جنیوا میں ایران کے وزیر صحت محمدرضا ظفرقندی سے ملاقات ہوئی جس میں جنیوا میں تعینات ایرانی سفیر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دوطرفہ صحت تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر صحت نے ایران میں بچوں اور دیگر شہریوں کی شہادت پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کشیدگی کم کرنے اور مسئلے کے پرامن حل کے لیے تمام فریقین کے ساتھ رابطے میں ہے جبکہ جنگ بندی اور مستقل امن کے قیام کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔

ایرانی وزیر صحت نے پاکستان کی قیادت بالخصوص وزیرِ اعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف کی امن کے قیام کے لیے مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ حملوں کے نتیجے میں ایران کے متعدد ہسپتال، صحت کے ادارے اور اہم انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان ویکسین سازی اور فارماسیوٹیکل صنعت کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 90 فیصد خام مال چین سے درآمد کیا جاتا ہے تاہم ملک اپنی مقامی صلاحیت بڑھانا چاہتا ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے صحت کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا۔