پاکستان کی یو اے ای کے جوہری بجلی گھر اور سعودی عرب پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت، سفارت کاری پر زور

4

اقوام متحدہ، 19 مئی (اے پی پی)، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے 17 مئی کو متحدہ عرب امارات کے براکہ جوہری بجلی گھر اور مملکتِ سعودی عرب پر ہونے والے ڈرون حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 انہوں نے دونوں برادر ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہری جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون، اقوامِ متحدہ کے منشور اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس کے انسانی جانوں، ماحولیات اور علاقائی امن پر تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ پاکستانی مندوب نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور محاذ آرائی کے خاتمے کے لیے تمام فریقین پر انتہائی تحمل کے مظاہرے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر زور دیا، اور اس بات کا اعادہ کیا کہ تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے جس کے لیے پاکستان اپنے شراکت داروں کے تعاون سے مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔