اسلام آباد، 20 مئی(اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے چینی پارلیمانی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اسپیکر نے وفد کی آمد پر دلی مسرت کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاک چین دوستی اعتماد، احترام اور یکجہتی کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل وقت میں قابلِ اعتماد اور مخلص شراکت دار رہے ہیں، اور 1951ء سے دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔
اسپیکر نے پاک چین دوستی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کو تاریخی تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریبات عوامی اور ادارہ جاتی روابط کی عکاس ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس ژاؤ لیجی اور چینی عوام کو مبارکباد پیش کی۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں قائم پاک چین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک کے پارلیمانی روابط کے فروغ میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، اور پارلیمانی سفارتکاری باہمی اعتماد اور تعاون میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ قومی اسمبلی اور چینی نیشنل پیپلز کانگریس کے درمیان مضبوط روابط سے ادارہ جاتی تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اپنے جنوری 2026 کے دورہ چین کو مفید قرار دیا اور کہا کہ پاک چین شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور استحکام کی ضامن ہے۔چینی پارلیمانی وفد کے سربراہ وائس چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس تسائی دافینگ نے کہا کہ چین آئندہ 75 سال میں بھی پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اسپیکر سردار ایاز صادق کو چینی عوام کا پرانا اور قابل اعتماد دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات ہر صورتحال میں یکجہتی کی عظیم مثال رہے ہیں۔
تسائی دافینگ نے کہا کہ پاکستان اور چین ترقی، علاقائی امن اور خوشحالی میں مشترکہ شراکت دار ہیں، اور عوامی سطح پر روابط کا فروغ دونوں ممالک کے مفاد میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دنیا بھر میں صرف دو پاکستانی خلا بازوں کو چین میں تربیت حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے وائس چیئرمین تسائی دافینگ کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت پر شکریہ ادا کیا اور چینی پارلیمانی وفد کی آمد پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔











