پاک چین دوستی اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ ترقی پر مبنی ایک لازوال شراکت داری ہے، احسن اقبال

6

اسلام آباد،19مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی محض سفارتی تعلقات تک محدود نہیں بلکہ یہ اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ ترقی پر مبنی ایک لازوال شراکت داری ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان-چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان-چین دوستی مرکز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کی دوستی کا عملی مظہر ہے جو صرف انفراسٹرکچر منصوبہ نہیں بلکہ ترقی، خوشحالی اور علاقائی روابط کا ایک جامع وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی  پیک نے توانائی، ڈیجیٹل رابطوں، گوادر پورٹ اور خصوصی اقتصادی زونز کے ذریعے پاکستان میں سماجی و معاشی ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ اگرچہ معیشت اور انفراسٹرکچر اس شراکت داری کی بنیاد ہیں لیکن ثقافت، فنون لطیفہ اور عوامی روابط پاکستان اور چین کی دوستی کا حقیقی حسن ہیں۔ ثقافتی تبادلے دونوں اقوام کے درمیان محبت، ہم آہنگی اور اعتماد کو مزید فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے تقریب کے انعقاد پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزارت اطلاعات و نشریات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان-چین دوستی آنے والی نسلوں کے لیے امن، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کی روشن علامت بنی رہے گی۔