کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کا عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنا خصوصی پیغام

7

ملتان 27 مئی )اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اہلِ ملتان ڈویژن کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ تمام اہلِ ملتان کو میری جانب سے عید کی ڈھیروں مبارکباد۔ انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود ہیں اور میں خود بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈویژن بھر میں عوامی خدمت کیلئے ڈیوٹی پر موجود ہوں۔

کمشنر عامر کریم خاں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے قربانی کی آلائشیں گلیوں اور سڑکوں پر پھینکنے سے گریز کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ڈویژن بھر میں آلائشیں کھلے عام پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سری پائے جلانے اور نہروں میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ ہے، جس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ کمشنر نے بتایا کہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ٹال فری نمبر، سوشل میڈیا، کنٹرول رومز اور واٹس ایپ نمبرز فعال کر دیے گئے ہیں جبکہ واسا، ستھرا پنجاب اور میپکو کے نمائندگان پر مشتمل کنٹرول روم ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم کر دیا گیا ہے۔

عامر کریم خاں نے مزید کہا کہ آپ سب کا تعاون صاف ستھرا اور مثالی ملتان ڈویژن بنانے کا ضامن ہے اور انتظامیہ شہریوں کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔