ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان کا معرکۂ حق بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ، شہر بھر میں تزئین و آرائش کا کام تیز

12

ملتان (6 مئی 2026 ) ہارٹی کلچر ایجنسی (ایچ اے) ملتان نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کو بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔

ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان سید وسیم حسن نے عیدگاہ پارک سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا اور فلائی اوورز اور پلرز پر جاری پینٹ ورک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایم ڈی سید وسیم حسن نے کہا کہ معرکۂ حق ایک اہم قومی دن ہے، جسے شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ اے ملتان کی جانب سے ہورڈنگ بورڈز پر قومی پرچم پینٹ کرنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ فلائی اوورز کی دیواروں پر “پاکستان زندہ باد” کے نعرے بھی تحریر کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نو نمبر چونگی اور آٹھ نمبر چونگی پر بھی پینٹ ورک تیزی سے جاری ہے جبکہ عیدگاہ پارک میں جاری ترقیاتی منصوبے رواں ماہ مکمل کر لیے جائیں گے۔

ایم ڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی ملتان معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کو بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منائے گی، جس کے لیے تمام تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔