اسلام آباد، 19 جون) اے پی پی ): قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس 2026-27 کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر بطور ثالث دستخط کرنے پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی۔
اسپیکر نے کہا کہ گزشتہ روز نہ صرف پارلیمان اور حکومت بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر تھا اور اس تاریخی سفارتی کامیابی سے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہوا۔ انہوں نے اس سفارتی کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے پاکستان کو ایسی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ غیر معمولی کامیابی وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت، امن پسندی اور مؤثر سفارت کاری کا ثمر ہے۔
انہوں نے اس تاریخی پیش رفت میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ سینیٹر سید محسن رضا نقوی کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
اسپیکر نے اس سلسلے میں وزیراعظم کی ٹیم اور وزارت خارجہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے گزارش کی کہ وہ اس تاریخی اور باعثِ مسرت موقع پر ایوان سے خطاب کریں اور ایوان کو اس تاریخی سفارتی کامیابی کی تفصیلات سے آگاہ کریں۔











