حکومت نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا، شمائلہ رانا

2

اسلام آباد، 14 جون (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی شمائلہ رانا نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس سے معیشت کے استحکام اور ترقی کو فروغ ملے گا۔

 ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں مزدوروں، کسانوں، کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کے لیے مختلف مراعات رکھی گئی ہیں تاکہ روزگار کے مواقع بڑھیں اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔

شمائلہ رانا نے کہا کہ سولر پینلز، جائیداد اور دیگر شعبوں میں ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں دی گئی رعایتیں حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم اور معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عالمی معاشی دباؤ کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے جبکہ قومی اداروں خصوصاً مسلح افواج کی قربانیوں کا احترام سب پر لازم ہے۔