رکن قومی اسمبلی عامر گوپانگ طلال کا آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پر اظہار خیال

1

اسلام آباد، 18 جون (اے پی پی):  رکن قومی اسمبلی عامر گوپانگ طلال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں تین ایسے سنہری مواقع آئے ہیں جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلا موقع 1947 میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستان کا قیام تھا، جس کے لیے مسلمانوں نے بے شمار قربانیاں دیں۔ دوسرا تاریخی لمحہ 28 مئی 1998 تھا جب قائد میاں محمد نواز شریف نے تمام عالمی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔تیسرا موقع حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران سامنے آیا، جب دنیا کو ایک بڑی جنگ کے خدشات لاحق تھے۔ ایسے وقت میں پاکستان نے ذمہ دارانہ سفارت کاری کا مظاہرہ کیا اور امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا جو قابل تحسین ہے۔

جمعرات کے روز  قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے عامر گوپانگ طلال کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی معیشت کا بڑا انحصار زراعت پر ہے، اس لیے گندم کی فصل کے لیے مناسب امدادی قیمت مقرر کی جانی چاہیے تاکہ کسان کو اس کی محنت کا بہتر معاوضہ مل سکے۔ انہوں نے کہا  کہ آئندہ سیزن کے لیے گندم کی کم از کم قیمت پانچ ہزار روپے فی من مقرر کی جائے تاکہ زرعی معیشت کو تقویت ملے۔

انہوں نے پی ایس ڈی پی کے تحت ضلع مظفرگڑھ میں ایک سرکاری یونیورسٹی کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً 56 لاکھ آبادی والے اس ضلع میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی کمی ہے، جس کے لیے فوری اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔

عامر گوپانگ طلال نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں قومی مفادات کا تحفظ اور سفارتی محاذ پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا، جس سے ملک کا وقار مزید بلند ہوا ہے۔