سرمایہ کاری میں اضافے اور معاشی ترقی کیلئے شعبہ جاتی اصلاحات کا جائزہ، وزیراعظم کی پالیسی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

16

اسلام آباد، 2 جون (اے پی پی): وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرمایہ کاری میں اضافہ اور معیشت کی مجموعی ترقی کے لیے شعبہ جاتی اصلاحات اور پالیسی اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے صنعت و حرفت کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی مصنوعات کی ملکی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ برآمدات بڑھانے کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ صنعت، تجارت اور معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات طویل المدتی معاشی افادیت اور عوامی فلاح پر مرکوز ہونی چاہئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل کی توانائی کی ضروریات کو متبادل توانائی کے ذرائع سے پورا کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام کیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کی بچت اور سستی ٹرانسپورٹ کی ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے جامع اور مؤثر برقی گاڑیوں کی پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کو مختلف شعبوں میں شامل کرنے کے لیے تمام وزارتیں اور ماہرین کے ساتھ بامعنی مشاورت کو یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مؤثر ترقیاتی پالیسیوں کی تشکیل اور نفاذ کے لیے تمام وزارتیں باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے کام کریں جبکہ تمام اصلاحات اور اقدامات میں انتظامی شفافیت اور بہترین کارکردگی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کی جانب سے مختلف زیر غور پالیسی تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر، ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی میجر جنرل اسد الرحمن چیمہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔