اسلام آباد، 2 جون (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انڈونیشیا میں پاکستان کے سفیر زاہد چوہدری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج اور رجسٹرار بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں انڈونیشیا کے میڈیکل طلبہ کو پاکستان کے طبی تعلیمی اداروں میں داخلے دینے سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ انڈونیشیا کی حکومت نے درخواست کی ہے کہ اس کے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل طلبہ کو پاکستان کے معیاری میڈیکل کالجوں میں داخلے فراہم کیے جائیں۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان طلبہ کے تعلیمی اور رہائشی اخراجات انڈونیشیا کی حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشی طلبہ کو پاکستان کے بہترین میڈیکل کالجوں میں شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر داخلے دیے جائیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ تقریباً 200 انڈونیشی میڈیکل اور ڈینٹل طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیمی اور تربیتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان طبی تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ انڈونیشیا کی حکومت نے اپنے طلبہ کی طبی تعلیم کے لیے پاکستان کے اداروں کو ترجیح دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے بلکہ پاکستان کا عالمی وقار بھی بلند ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز ملک بھر میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔











