ملتان، 04 جون (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کڑی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے اچانک شہباز شریف ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں سے ملاقات کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں ادویات کی دستیابی، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کا بھی معائنہ کیا اور علاج معالجے کے حوالے سے مریضوں سے براہ راست دریافت کیا۔
دورے کے دوران محمد نعمان صدیق نے ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے پارکنگ، صفائی اور دیگر انتظامی امور کا بھی معائنہ کیا اور بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صحت کے شعبے کی بہتری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔











