راولپنڈی، 18 جون(اے پی پی ): چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر معززمہمان کو پاک افواج کے چاق و چوبند سہ مسلح دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے فوجی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے، مشترکہ تربیت، انسدادِ دہشت گردی اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔
دریں اثنا، گھانا کے نیشنل سیکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان نے اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں بھی دفاعی و سیکیورٹی تعاون، پیشہ ورانہ روابط کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گھانا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ بھی موجود تھے۔











