قرآن مجید کی ہر قسم کی لفظی و معنوی تحریف اور طباعتی اغلاط کے سدِباب کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، سیکرٹری / چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ

1

لاہور،10جون:( اے پی پی ):  سیکرٹری / چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے پنجاب قرآن بورڈ کے 59 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن مجید کی ہر قسم کی لفظی و معنوی تحریف اور طباعتی اغلاط کے سدِباب کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جس کے لیے پروف ریڈرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے فوری طور پر تربیتی کورسز کا انعقاد اور ایک جامع رہنما گائیڈ لائن تیار کی جائے گی۔ اجلاس میں چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ حافظ زبیر حسن، معزز ارکان حافظ زبیر حسن، ڈاکٹر محمد کریم خان، سعید احمد شاہ گجراتی، ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد، قاری احمد میاں تھانوی، مولانا طاہر عقیل اعوان، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، ڈاکٹر علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ محمد شفیق پسروری، ڈاکٹر علامہ محمد حسین اکبر، فروا بتول، شیخ محمد ناظم الدین، قدرت اللہ، سید احسن محمود، ایم خالد یوسف، رانا سکندر  امجد، اور اسرار احمد نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احسان بھٹہ نے  ہدایت کی کہ صوبے بھر میں قرآن پاک کی بے حرمتی کو روکنے اور اس کے مقدس نسخوں کی حفاظت کے لیے ضلعی انتظامیہ اور اوقاف کے افسران کے تعاون سے مانیٹرنگ سسٹم کو مزید فعال اور سخت کیا جائے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ایسی تمام سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے جو مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ حافظ زبیر حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن پاک کے متن کی حفاظت اور اس کی اصل روح کے مطابق درست طباعت ہماری اولین ایمانی اور قانونی ذمہ داری ہے، جس کے لیے بورڈ کے تمام ممبران پوری تندہی اور اخلاص کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری اوقاف نے بورڈ کے طریقہ کار کو مزید فعال بنانے کے لیے قرآن مجید کے امور سے متعلق ممبران پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی اور اب تک کے تمام کاموں کا دستاویزی پرفارما آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں قادیانیوں کو تحریفِ قرآن کے مقدمات میں سزائیں دلوانے پر معزز ارکان کی مخلصانہ کاوشوں کو زبردست الفاظ میں سراہا گیا اور ان کی دینی خدمات کے اعتراف میں خصوصی ہدیہ تبریک پیش کیا گیا۔