قومی اسمبلی اجلاس : اسپیکر ایاز صادق نےایوانی کارروائی اور ڈیبٹ ٹائم کی تفصیلات پیش کر دیں

0

اسلام آباد ،19جون(اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں انہوں نے ایوان کی کارروائی اور جاری بجٹ بحث کے دوران اراکین کو دستیاب وقت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اسپیکر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ حکومت کو بجٹ پربحث کے لیے تقریباً ڈھائی گھنٹے کا وقت مزید دستیاب ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر 62 ارکان بحث میں حصہ لے چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نو گھنٹے کا مقررہ وقت تھا جس میں سے اب تک مختلف اراکین کی تقاریر پر 14 گھنٹے 4 منٹ اور اضافی 5 گھنٹے 3 منٹ کے ساتھ مجموعی طور پر بھاری وقت استعمال ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ایوانی کارروائی میں تاخیر اور انتظامی مسائل کے باعث ارکان کو بروقت موقع نہیں مل پاتا، تاہم کوشش کی جا رہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ارکان کو اظہارِ خیال کا موقع فراہم کیا جائے۔

اسپیکر نے کہا کہ گزشتہ روز بھی کوشش کی گئی تھی کہ ساڑھے پانچ بجے سے ایوانی کارروائی جاری رکھی جائے اور تمام خواہش مند ارکان کو بولنے کا موقع دیا جائے، تاہم مختلف انتظامی وجوہات کے باعث مکمل پیش رفت ممکن نہ ہو سکی۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ کوشش ہے کہ جمعہ کی نماز سے قبل آج کے اجلاس کو ایڈجسٹ کیا جائے اور آئندہ کے شیڈول کو بھی اسی کے مطابق ترتیب دیا جائے، تاہم یہ صورتحال اور وقت کی دستیابی پر منحصر ہوگا۔

اجلاس میں بجٹ بحث کا سلسلہ جاری رہا اور مختلف ارکان نے معاشی، انتظامی اور عوامی مسائل پر اظہار خیال کیا۔