ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن، 14 یونٹس مسمار

2

لاہور، 5 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا باعث بننے والے غیر قانونی صنعتی یونٹس کے خلاف پنجاب بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔

 محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کیں۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق فیصل آباد، گجرات، شیخوپورہ، جھنگ، وہاڑی، رحیم یار خان اور بہاولپور میں کارروائیاں کرتے ہوئے 14 غیر قانونی یونٹس کو مسمار، 6 یونٹس کو سیل جبکہ 3 یونٹ مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

اسی دوران سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر محکمہ ماحولیات کی ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ ماحولیات کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں جانوروں کی آلائشیں اور چربی پگھلانے والے غیر قانونی اور روایتی کارخانوں پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کھلے عام چربی ابالنے سے پیدا ہونے والی زہریلی گیسوں، بدبو اور تعفن نے شہریوں کے لیے سنگین مسائل پیدا کر رکھے تھے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہریوں کو خطرناک تعفن، بدبو اور بیماریوں سے مکمل نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997 اور سموگ رولز 2023 کے تحت قانون کی بالادستی اور سموگ کنٹرول کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ رہائشی علاقوں کا ماحول خراب کرنے والے فیکٹری مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ چربی پگھلانے کا عمل صرف منظور شدہ، جدید اور محفوظ پلانٹس میں ہی کرنے کی اجازت ہوگی تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ غیر قانونی اور سموگ کا باعث بننے والے یونٹس کو ہر صورت بند کیا جائے گا جبکہ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں، گاڑیوں اور چمنیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے علاقوں میں قائم غیر قانونی یونٹس کی اطلاع محکمہ ماحولیات کی ہیلپ لائن 1373 پر دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے اور پنجاب کے شہریوں کو صاف، صحت مند اور بہتر ماحول فراہم کرنا وزیراعلیٰ پنجاب کا مشن ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ زہریلی فضا نہ صرف انسانی صحت بلکہ پورے ایکو سسٹم کے لیے خطرناک ہے، لہٰذا ماحولیاتی تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔