مدینہ منورہ: 5 جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مدینہ منورہ میں پاکستان ہاؤس کا دورہ کیا اور مدینہ حج مشن کی بہترین کارکردگی پر افسران و عملہ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے حج میڈیکل مشن کے تحت قائم مرکزی ڈسپنسری کا معائنہ بھی کیا اور وہاں عازمینِ حج کے لیے موجود طبی سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر کو دی جانے والی تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ مدینہ مشن اس سال 72 ہزار سے زائد سرکاری حجاجِ کرام کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے گا۔ بریفنگ کے مطابق اب تک 11 ہزار 7 سو سے زائد پاکستانی حجاج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، جو آج مسجد نبوی ﷺ میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ مزید برآں، مدینہ منورہ سے براہِ راست پاکستان کے لیے واپسی کی پروازوں کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر حج مدینہ زاہد سہیل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مدینہ منورہ میں تاریخ میں پہلی بار حجاج کے لیے کمروں کی کمپیوٹرائزڈ بکنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج مشن تمام یعنی سو فیصد حجاجِ کرام کی ریاض الجنہ میں زیارت کو یقینی بنا رہا ہے۔
ڈائریکٹر حج نے مزید بتایا کہ وطن واپسی کے لیے حجاجِ کرام کی سہولت کی خاطر ان کے سامان کی بکنگ ‘سٹی چیک ان’ کے ذریعے ان کی رہائش گاہوں پر ہی کی جا رہی ہے، جبکہ خدام الحجاج کی ٹیمیں عازمین کی رہنمائی اور معاونت کے لیے چوبیس گھنٹے (24/7) میدان میں موجود ہیں۔











