اسلام آباد، 14 جون ( اے پی پی ): رکن قومی اسمبلی غزالہ انجم نے وفاقی بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے چترال کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے بڑے منصوبے دیے جن میں لواری ٹنل جیسے اہم منصوبے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جب بھی برسراقتدار آئی، خیبرپختونخوا کو قومی دھارے میں لانے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے دانش سکولوں کے قیام کو بھی حکومت کی اہم کامیابی قرار دیا اور کہا کہ ہزارہ ڈویژن میں پہلی بار دانش سکول قائم کیا گیا ہے۔
غزالہ انجم نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں بھی دور افتادہ علاقے چترال کو نظر انداز نہیں کیا گیا، اور چترال یونیورسٹی کے لیے 40 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور حکومت ملک کے تمام علاقوں میں ترقیاتی عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔











