معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم شہباز شریف

10

اسلام آباد ، 13 جون ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ریلیف اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔اراکین قومی اسمبلی ابرار شاہ، ثمینہ خالد، شاہدہ رحمان، جمال شاہ کاکڑ اور خرم شہزاد، سردار یعقوب خان ناصر، میجر (ر) طاہر اقبال اور میاں خان بگٹی نے وزیراعظم سے الگ الگ ملاقات کی۔اراکینِ قومی اسمبلی نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم کی قیادت کو سراہا۔

وزیراعظم نے معاشی استحکام کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا،امید ہے کہ بجٹ میں کاروباری برادری کے لیے ٹیکس میں رعایتوں اور دیگر سہولیات سے سرمایہ کاری بڑھے گی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔پائیدار معاشی نمو کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔اراکینِ قومی اسمبلی نے عوامی فلاح اور اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ ملاقات میں ممبران قومی اسمبلی کے حلقوں کی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔