اسلام آباد، 18 جون ( اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور سابق نامور کرکٹر یونس خان کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں خصوصاً کرکٹ کے فروغ اور نوجوانوں کو میدانوں تک لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت لاہور قلندرز کے اشتراک سے ‘راولپنڈی ٹائیگرز’ کے قیام کا خواب حقیقت کے قریب پہنچ چکا ہے اور اس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے 10 ہزار سے زائد نوجوان کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروا لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ٹائیگرز کے ٹرائلز کل صبح 9 سے شام 6 بجے تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے، جس کے بعد منتخب ہونے والے 20 بہترین کھلاڑیوں کو باقاعدہ تربیت، کوچنگ اور پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہونے اور عالمی برادری کی جانب سے پاکستانی قیادت کو سراہنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے ماضی میں یونین کونسل، اسکولوں اور کالجوں کی سطح پر میرٹ پر ٹیموں کی تشکیل اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ جون کے بعد پاکستان ریلوے کی کارکردگی کے حوالے سے عوام کو ایک بڑا سرپرائز دیا جائے گا، جس میں وزارت ریلوے کی کارکردگی پیش کی جائے گی۔











