ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کا انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان کا دورہ ، طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ

7

ملتان، 18 جون (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان کا دورہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دستیاب علاج و معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

محمد نعمان صدیق نے ہسپتال انتظامیہ پر زور دیا کہ سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے شعبے میں اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی، ان سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مریضوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور علاج معالجے کی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے۔