اسلام آباد، 03 جون (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے پاکستان اور چین کی’ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری‘ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دورۂ چین کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔
ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔ وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اپنے حالیہ دورۂ چین کو انتہائی مفید اور نتیجہ خیز قرار دیا۔
وزیراعظم نے سی پیک 2.0 کے تحت زراعت، آئی ٹی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہانگژو بزنس ٹو بزنس کانفرنس کے دوران پاک چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والے ایم او یوز پر بروقت عملدرآمد سے دونوں ممالک اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد حاصل کر سکیں گے۔
ملاقات میں قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، دفاعی تعاون اور پاکستان کے لیے اقتصادی و مالی معاونت پر تبادلہ خیال ہوا۔ خطے کی صورتحال اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔
چینی سفیر نے وزیراعظم کو 23 تا 26 مئی کے کامیاب دورۂ چین اور عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ فولادی دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں تعاون وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔











