وزیراعظم کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کا اعلان

3

اسلام آباد،19جون  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کو عملی جامہ پہنائے جانے پر قوم، سیاسی اور عسکری قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو جو عزت اور مرتبہ ملا ہے قوموں کو صدیوں میں ایسی کامیابی نصیب نہیں ہوتی، ہم نے دنیا کو قومی یکجہتی اور اتحاد کا پیغام دینا ہے اور اس عظیم فتح کا تقاضا ہے کہ ہم سب ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک ہی صف میں کھڑے ہوں، اس معاہدے سے دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے اس میں  نمایاں کمی کا آج اعلان کیا جائے گا، ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو دورہ  پا کستان کی دعوت دی ہے جبکہ ایرانی صدر نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

 جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ خالق کائنات کا بے حد شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے پاکستان کو یہ عزت عطا فرمائی کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ہوا، اس کیلئے پوری پاکستانی قوم اس ایوان کے تمام اراکین کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

 وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں کئی ممالک اور قومیں ایسی عزت کی تلاش میں صدیاں گزار جاتی ہیں لیکن وہ اس طرح سے عزت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتیں جس طرح آج پاکستان کو اللّہ تعالیٰ نے عزت عطا فرمائی ہے، آج پوری دنیا میں پاکستان کا نام عزت اور وقار سے گونج رہا ہے، پاکستان کے اس کردار پر اس ایوان سے ایک متفقہ قرارداد جانی چاہئے جو اس عظیم کامیابی کیلئے اس ہاؤس کی جانب سے بھرپور تائید ہو گی اور اس سے دنیا میں یکجہتی، اتفاق اور اتحاد کا پیغام جائے گا۔

انہوں نے اپوزیشن کو بھی دعوت دی کہ وہ سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ملکر اس مبارک دن اللہ کا شکر ادا کریں اور دنیا کو بتائیں کہ سیاسی اختلافات کے ساتھ ساتھ قومی مفادات کیلئے ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ انہوں نے پاکستان کی اس کامیابی کا اعتراف اس شعر سے کیا کہ ” ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پے روتی ہے، بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیداور پیدا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس عظیم کامیابی میں سب سے کلیدی کردار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ادا کیا، انہوں نے امن کے قیام کیلئے اڑھائی مہینے دن رات کام کیا، کئی مواقع ایسے آئے کہ جب ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ جنگ بندی ختم ہونے والی ہے تاہم خدائے بزرگ و برتر کو پا کستان کو عزت اور وقار دینا مقصود تھا، اسی وجہ سے وہ پہاڑ نما مسائل اور مشکلات بھی حل ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قوم کا کریڈٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس عمل میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا، اسی طرح وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے بھی ایران کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں، ان کے اراکین ، اتحادی جماعتوں اور ان کے قائدین کو بھی مبارکباد پیش کی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز ان کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے آدھا گھنٹہ ٹیلیفون پر بات ہوئی جس میں انہوں نے پاکستان اور پاکستان  کے عوام کا ایران کی حکومت اور ایرانی قوم کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشکل وقت میں ایران کا ساتھ دیا اور پاکستان ایران کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا۔ ایرانی صدر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

 انہوں نے پاکستانی قوم کے خلوص اور سپورٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ میں نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ قوم آپ کا پاکستان میں والہانہ استقبال کرنے کیلئے منتظر ہے تاکہ دنیا کو یہ بتایا جا سکے کہ ایران اور پاکستان صرف ہمسایہ ملک نہیں بلکہ برادر ملک ہیں اور ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

ایرانی صدر نے پہلی فرصت میں پاکستان آنے کا عندیہ دیا ہے کہ وہ پاکستان آ کر وہاں کے عوام کا شکریہ ادا کرینگے۔ اس موقع پر انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین جو 3 یا 4 جولائی کو ہونی ہے اس میں شرکت کی دعوت دی ہے جس پر انہیں کہا ہے کہ یہ ہمارا فرض ہے اور ان شاء اللّہ وہاں پر پاکستان موجود ہو گا تاکہ ہم دنیا کو بتا سکیں کہ ان کیلئے ہمارے دلوں میں کتنا احترام ہے پاکستان اور ایران دو ایسے بھائی ہیں جو آنے والے وقتوں میں انتہائی قربت کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ بندی کے نتیجے میں اس خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں جنگ بندی کے بعد اب تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں اور اس میں مزید کمی آئے گی۔ اس پر ہفتہ وار نظرثانی آج ہو گی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تین ماہ قبل جنگ چھڑی تو اس وقت تیل کی عالمی قیمتوں کو آگ لگ گئی اور مہنگائی کا ایک طوفان کھڑا ہوا۔ پ

اکستان کے عوام نے جس طرح اس دوران تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کیا وہ اپنی مثال آپ ہے اس پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے مشکل وقت میں برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کے اس طوفان سے عام آدمی کو بچانے کیلئے حتیٰ المقدور کوشش کی ،پٹرولیم مصنوعات پر  128 ارب روپے کی   سبسڈی دی تاکہ عوام پر  مہنگائی کا کم سے کم بوجھ پڑے۔

 انہوں نے کہا کہ اب وہ سیاہ رات ختم ہونے کو ہے اور ترقی اور خوشحالی کا سورج طلوع ہونے کو ہے۔ وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشکل وقت میں وفاق کی بھرپور معاونت کی اور انہوں نے اپنے عوام کو ریلیف پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی۔

 انہوں نے وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی، نائب وزیراعظم، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری پٹرولیم کا بھی شکریہ ادا کیا کہ سب نے ملکر اس میں اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ ان مشکل ترین حالات کے باوجود پاکستان نے پیٹرول پمپوں پر لائنیں نہیں لگیں، کوئی بلوے نہیں ہوئے جبکہ سری لنکا اور بنگلہ دیش میں جو صورتحال پیدا ہوئی وہ سب کے سامنے ہے۔

 وزیراعظم نے تمام دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن کے قیام میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔ انہوں نے ایران کی لیڈر شپ کی سنجیدگی اور متانت کے ساتھ ساتھ مذاکراتی عمل میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امریکا کی قیادت بالخصوص صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکراتی عمل میں بھرپور حصہ ڈالنے پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے برادر ملک قطر، سعودی عرب ، ترکیہ کے کردار کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین جو پاکستان کا ہمالیہ کی طرح بلند دوست ملک ہے اس کا اس عمل میں بڑا کردار رہا۔ اس کی لیڈر شپ نے امن عمل میں بھرپور معاونت کی۔ انہوں نے اس عمل میں حصہ ڈالنے والے دیگر ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ عزت اور وقار قوموں کو صدیوں میں نہیں ملتی ہمیں اس عزت پر اللہ کے سامنے سجدہ ریز ہونا چاہئے اور اس کا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس ایوان سے قومی یکجہتی اور اتحاد کا پیغام جانا چاہئے تاکہ ہمارے دشمن  ہکا بکارہ جائیں اور دوستوں کی ہمت بڑھے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ یہ عظیم کامیابی اس بات کی متقاضی ہے کہ اس عظیم فتح کیلئے ہم سب اکٹھے ہوں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک صف میں کھڑے ہوں۔