وفاقی بجٹ میں بلوچستان میں دانش اسکولوں کے قیام کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، کرن حیدر

2

اسلام آباد، 18جون (اے پی پی ): مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی کرن حیدر نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں بلوچستان میں دانش اسکولوں کے قیام کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جو صوبے میں تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کو بہتر مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم میں سرمایہ کاری سے نہ صرف انسانی وسائل کی ترقی ہوگی بلکہ ملک کی مجموعی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔

قومی اسمبلی میں بجٹ 27-2026 پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے کرن حیدر کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان کو ایک جوہری قوت بنایا، جس کے باعث آج دنیا میں ملک کو عزت اور وقار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی اور خودمختاری کے حوالے سے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوا۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کو عالمی سطح پر امن اور ثالثی کی کوششوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور ملک کا مثبت تشخص مزید اجاگر ہوا ہے۔