اسلام آباد ،12 جون (اے پی پی ):پی ایس ڈی پی کے تحت فنانس ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1,440 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مالی سال 2026-27 میں فنانس ڈویژن کے پانچ جاری منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔
ان منصوبوں میں آڈٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، پاکستان منٹ کی جدیدکاری اور اپ گریڈیشن، پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس اکیڈمی کے منصوبے اور وفاقی و صوبائی سطح پر آن لائن بلنگ سلوشن کے نفاذ کا منصوبہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ویمن انکلیوسیو فنانس منصوبہ بھی پی ایس ڈی پی کا حصہ ہے۔
فنانس ڈویژن کے جاری منصوبوں کی مجموعی لاگت 39,377.151 ملین روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ 30 جون 2026 تک ان منصوبوں پر 34,091.698 ملین روپے اخراجات متوقع ہیں۔ پی ایس ڈی پی میں مالیاتی نظم و نسق اور ڈیجیٹل اصلاحات کے منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔











