پی ایس ڈی پی کے تحت ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے قومی پروگرام کے لیے 1,500 ملین روپے مختص

5

اسلام آباد،12 جون(اے پی پی ):پی ایس ڈی پی کے تحت ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے قومی پروگرام کے لیے 1,500 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔وزارتِ قومی صحت کی جانب سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے منصوبے کے لیے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں فنڈز تجویز کیے گئے ہیں، جبکہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں اس پروگرام کو ترجیح دی گئی ہے۔دستاویزات کے مطابق پرائم منسٹر نیشنل پروگرام فار ایلیمینیشن آف ہیپاٹائٹس سی انفیکشن کے لیے اضافی فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ ملک بھر میں اس مرض کے خاتمے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔اعداد و شمار کے مطابق 30 جون 2026 تک منصوبے پر متوقع اخراجات 783.398 ملین روپے تک پہنچ چکے ہیں۔حکومت نے پی ایس ڈی پی کے تحت صحت کے شعبے کے اہم منصوبوں کے لیے وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور قومی سطح پر بیماریوں کے تدارک کے پروگراموں کو مضبوط بنانا ہے۔