کے پی میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، ’فتنہ الخوارج‘ کے 4 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ برآمد

5

راولپنڈی،04  جون ( اے پی پی):  خیبر پختونخوا کے اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان اور مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے ’فتنہ الخوارج‘ کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور مہمند میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر الگ الگ کارروائیاں کی گئیں، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 خارجی ہلاک ہوئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد علاقے میں تخریب کاری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور اب علاقے میں ممکنہ دیگر خارجیوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، جبکہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یہ انتھک مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔