گرانٹ ان ایڈ کمیٹی کا 5واں اجلاس، پاکستان ہاکی فیڈریشن کیلئے 150 ملین روپے گرانٹ کی منظوری

3

لاہور،11 جون(اے پی پی) : سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت گرانٹ ان ایڈ کمیٹی کا 5واں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کیلئے 150 ملین روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں ہاکی کے ریوائیول کیلئے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم پلان کے مطابق پنجاب بھر کے سکولز و کالجز میں ہاکی کے مقابلے کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کھلاڑیوں کو ہاکی کٹس، پروٹیکٹو گیئر، شرٹس، شوز اور اسٹائپنڈ دیے جائیں گے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے انٹرنیشنل کوچز اور ماسٹر ٹرینرز ہائر کرنے کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق ہاکی اکیڈمیز کا نیٹ ورک پورے پنجاب میں قائم کیا جائے گا اور ہاکی کے کھلاڑیوں کیلئے جدید ترین ٹرف اور فلڈ لائٹس نصب کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی ٹیم کے سابق اولمپینز کو گریس مینٹرز کے طور پر نوجوانوں کی تربیت کی ذمہ داری سونپی جائے گی اور ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں انٹرنیشنل معیار کے ہاکی اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ سکول سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع، بہترین کھلاڑیوں کو بیرون ملک ٹریننگ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواتین ہاکی ٹیم کی تشکیل نو، گرلز کالجز میں خصوصی ہاکی لیگ کے آغاز کی ہدایت بھی کی گئی۔ ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر سالانہ “پنجاب ہاکی سپر لیگ” منعقد کروانے کی ہدایت دیتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب کی ہاکی کی بحالی کیلئے کارپوریٹ سیکٹر سے سپانسرشپ لینے کی حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت بھی دی۔سینئر وزیر پنجاب نے  کھیلوں کی بحالی کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فنانسنگ میکانزم بنانے کی بھی ہدایت دی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ہاکی کا کھویا ہوا مقام بحال کریں گے۔اجلاس میں کلچر و میوزک کی بحالی کیلئے  پاکستان آئیڈل سیزن 2 کیلئے 70 ملین گرانٹ کی بھی منظوری دی۔