راولپنڈی ، 30 جولائی (اے پی پی): جمہوریہ بیلاروس کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشان امتیاز (عسکری)، ہلال امتیاز سے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفد کی قیادت بیلاروس کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف اور پہلے نائب وزیر دفاع میجر جنرل موراویکو پاول نکولائیوچ کر رہے تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی، دفاعی تعاون اور فوجی اشتراک کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیف آف دی ایئر سٹاف نے پاکستان ایئر فورس کے دوطرفہ دفاعی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مشترکہ تربیت، مشقوں، ٹیکنالوجی کے اشتراک اور دفاعی صنعتی شراکت داری کے ذریعے تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
بیلاروسی معزز مہمان نے پاکستان ایئر فورس کی نمایاں پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے آپریشنل تیاری، تکنیکی ترقی اور خود انحصاری کے اقدامات کی تعریف کی اور دفاعی تعاون مزید بڑھانے کے لیے بیلاروس کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ ملاقات پاکستان اور بیلاروس کے باہمی دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔











