خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی وزارتِ خارجہ کے فارن افیئرز لائزن آفس ، کراچی کے زیرِ اہتمام مینگو فیسٹیول میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت

4

کراچی،30،جولائی  (اے پی پی):خاتونِ اوّل   بی بی  آصفہ بھٹو زرداری نے  وزارتِ خارجہ کے فارن افیئرز لائزن آفس ، (ایف اے ایل او)کراچی کے زیرِ اہتمام مینگو فیسٹیول  میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فیسٹیول کا انعقاد فارن افیئرز لائزن آفس کراچی کی عوامی سفارتکاری کے اقدامات کے تحت کیا گیا جس کا مقصد پاکستان کے شاندار زرعی ورثے کو اجاگر کرنا، ملک کی برآمدی صلاحیت کو فروغ دینا، سفارتی برادری کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کرنا، پاکستان کی اقتصادی سفارتکاری کو تقویت دینا اور بامعنی عوامی رابطوں کے ذریعے سفارتکاری کو سندھ کے عوام کے قریب لانا تھا۔تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر محمد خالد جمالی، سندھ اسمبلی کے اراکین، کراچی میں تعینات سفارتی کور کے ارکان بشمول قونصل جنرلز اور اعزازی قونصلز، اعلیٰ سرکاری حکام، پاکستان میں اقوام متحدہ کے کنٹری ٹیم کے نمائندگان، کاروباری برادری کے اراکین، آم کے برآمد کنندگان، پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (PFVA) کے نمائندگان، پیشہ وارانہ تنظیموں، شعبہ تعلیم، سول سوسائٹی، میڈیا اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل فارن افیئرز لائزن آفس کراچی محمد عرفان سومرو نے خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بطور مہمانِ خصوصی فیسٹیول میں شرکت کی دعوت قبول کی۔ انہوں نے کہا کہ خاتونِ اوّل کی شرکت نے اس تقریب کو خصوصی اہمیت عطا کی اور یہ پاکستان کے مثبت تشخص کو ملک کے اندر اور بیرونِ ملک اجاگر کرنے کے لئے ان کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور امریکا کے رہنماؤں اور خاتونِ اوّل سے ملاقاتوں اور روابط کے ذریعے  بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان  کے وقار، ہمدردی اور تعمیری روابط پر مبنی اقدار کو اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خاتونِ اوّل اپنی والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور اپنے والد، صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی شاندار میراث کو بھرپور انداز میں آگے بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، عاجزی اور ہمدردی کے جذبے سے وابستگی کے باعث خاتونِ اوّل پاکستان کے نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں اور خواتین کے لئے ایک قابلِ تقلید مثال بھی ہیں۔محمد عرفان سومرو نے کہا کہ یہ فیسٹیول فارن افیئرز لائزن آفس کراچی کے پاکستان کی زرعی برتری کو اجاگر کرنے، اقتصادی سفارت کاری کے فروغ اور سفارتکاری کو سندھ کے عوام کے قریب لانے کے عزم کا مظہر ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزارتِ خارجہ اور فارن افیئرز لائزن آفس کراچی کو مینگو فیسٹیول کے انعقاد اور سفارتی برادری اور حکومتِ سندھ کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات سندھ کے شاندار زرعی ورثے کو اجاگر کرنے، پاکستان کی اعلیٰ معیار کی زرعی مصنوعات کو فروغ دینے اور ملک کی اقتصادی سفارتکاری کو مضبوط بنانے کے لئے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ سندھ ایسے اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی جو پاکستان کے عالمی تشخص کو بہتر بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی روابط کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں۔اس موقع پر وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر محمد خالد جمالی نے سندھ میں وزارتِ خارجہ کی سفارتی رسائی کو فروغ دینے میں فارن افیئرز لائزن آفس کراچی کے فعال کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل محمد عرفان سومرو کی قیادت میں فارن افیئرز لائزن آفس کراچی نے وزارتِ خارجہ، حکومتِ سندھ، سفارتی کور اور دیگر متعلقہ فریقین کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے عوامی سفارت کاری کے فروغ، سفارتی روابط میں سہولت کاری اور صوبے بھر میں وزارتِ خارجہ کی رسائی کو مؤثر بنانے کے لئے ڈی جی ایف اے ایل او  اور ان کی ٹیم کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، لگن اور اقدامات کو سراہا۔فیسٹیول میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ آموں کی مختلف اقسام، جن میں سندھڑی، چونسا، لنگڑا، انور رٹول اور دیگر اعلیٰ معیار کی اقسام شامل تھیں، کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کے شاندار زرعی ورثے اور آموں کی برآمدی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔شرکاء نے ثقافتی پرفارمنسز، نمائشوں، باہمی روابط اور نیٹ ورکنگ کے مواقع سے بھی لطف اٹھایا، جبکہ تقریب میں لکی ڈرا کا بھی اہتمام کیا گیا۔اگرچہ یہ فیسٹیول آموں کے سیزن کے اختتام کے قریب منعقد ہوا، تاہم کاشت کاروں، برآمد کنندگان اور صنعت سے وابستہ شراکت داروں کے تعاون سے پاکستان کے بہترین آموں کی ایک شاندار اور متاثر کن کلیکشن نمائش اور ذائقے کے لئے پیش کی گئی۔مینگو فیسٹیول  نے ایک بار پھر فارن افیئرز لائزن آفس کراچی کے اس عزم کو اجاگر کیا کہ عوامی سفارت کاری کے ذریعے پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ دیا جائے، سفارتی برادری کے ساتھ روابط مضبوط کیے جائیں، زراعت، تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں پاکستان کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے، عوام کے درمیان روابط کو فروغ دیا جائے اور بامعنی عوامی رابطہ کاری کے اقدامات کے ذریعے سفارت کاری کو سندھ کے عوام کے قریب لایا جائے۔