اسلام آباد، 30 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے سعودی فالکن وژن گروپ اور دیگر سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سعودی فالکن وژن گروپ نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت کاری کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کو ٹیکس مراعات اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ بزنس سہولت مراکز کے ذریعے ون ونڈو نظام کے تحت خدمات مہیا کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں منافع کی سو فیصد ترسیل کی اجازت سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔
ملاقات میں سعودی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر غور کیا جبکہ فالکن وژن گروپ نے انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر جے سیون ایمپوریئم کے مالک مقبول حسین نے وفاقی وزیر کو رئیل اسٹیٹ منصوبوں پر بریفنگ دی۔ چکوال میں جدید شاپنگ مال کے قیام کے منصوبے اور گندھارا کلب منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گندھارا کلب منصوبہ سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت ریگولیٹری اصلاحات کے ذریعے کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا۔











