حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے 787ویں عرس کی تیاریاں تیز،انتظامات و سیکیورٹی کا جائزہ

2

ملتان،08 جولائی (اے پی پی): شیخ الاسلام حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے 787ویں سالانہ عرس کی تقریبات 20 جولائی سے شروع ہوں گی۔ عرس کے موقع پر زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی، فول پروف سیکیورٹی اور منظم انتظامات یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راشد محمود، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکی سحر سمیت پولیس، محکمہ اوقاف، میونسپل کارپوریشن، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی اور عرس کے انتظامات، صفائی، سیکیورٹی، ٹریفک،رہائش اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ہدایت کی کہ عرس کے دوران زائرین کی بہترین مہمان نوازی کو یقینی بنایا جائے اور صفائی، سیکیورٹی اور ٹریفک کے مثالی انتظامات کے ذریعے آنے والے شرکاء پر خوشگوار تاثر قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کے لیے بہترین قیام و طعام کی سہولیات فراہم کی جائیں اور جامع و مؤثر ٹریفک پلان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ضلعی محکمے عرس کے تینوں روز قلعہ کہنہ قاسم باغ میں اپنے کیمپس قائم رکھیں تاکہ عوام کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیس کو ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دربار کے اطراف اور زائرین کی قیام گاہوں کی مکمل سکریننگ کی جائے تاکہ عرس کی تقریبات پرامن اور خوش اسلوبی سے منعقد ہوں۔