وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور وزیر مواصلات و تعمیرات صہیب برتھ سے بلوچستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء پر مشتمل وفد کی ملاقات

3

لاہور، 30 جولائی ( اے پی پی ):  وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور وزیر مواصلات و تعمیرات صہیب برتھ سے بلوچستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں بلوچستان کے علاؤہ پختون خواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے طلباء بھی شامل تھے۔ بلوچستان اور دیگر صوبوں کے طلباء پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے گرویدہ نکلے۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے صوبائی وزراء سے مطالبہ کیا ہمیں 6 ماہ کیلئے پنجاب کی وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم دے دیں تاکہ ہمارا صوبہ بھی ترقی کر سکے۔ اس موقع پر طلباء نے وزیر تعلیم پنجاب اور وزیر مواصلات سے صوبے کے ترقیاتی منصوبوں، تعلیمی نظام اور دیگر امور پر سوالات کرتے ہوئے سمسٹر ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر رانا سکندر حیات نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کی صورت میں آئندہ سال سے سمسٹر ایکسچینج پروگرام کے آغاز کا عندیہ دیا۔ بلوچستان، پختونخوا، کشمیر اور گلگت کے بیشتر طلباء نے وزیر تعلیم سے پنجاب کی یونیورسٹیوں میں داخلے کی خواہش کا بھی اظہار کیا جس پر رانا سکندر حیات نے بلوچستان کے طلباء کو سکالرشپ پروگرام کے تحت پنجاب کی یونیورسٹیوں میں داخلے کا وعدہ کیا اور موقع پر ہی خواہشمند طلباء کے کوائف خود نوٹ کئے۔۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں 15000 سے زائد طلباء دیگر صوبوں سے زیر تعلیم ہیں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ بلوچستان سے جذباتی لگاؤ ہے، فخر ہوگا کہ بلوچ طلباء پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گوگل ایجوکیشن پروگرام شروع کرنے کیلئے وزیر تعلیم بلوچستان سے رابطے میں ہیں اور گزشتہ چند ماہ کے دوران 7 مرتبہ دونوں وزراء کی آپس میں مشاورت ہو چکی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے ڈسٹنس لرننگ میں بھی بلوچستان کے طلباء کی معاونت کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور دیگر صوبوں کے طلباء پنجاب کی کسی بھی یونیورسٹی میں پڑھنا چاہیں، ان کے ساتھ حکومت پنجاب بھرپور تعاؤن کرے گی۔ انہوں نے بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت میں بھی دانش سکولوں کے جلد آغاز کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے 1900 طلباء پنجاب میں سکالرشپ پر زیر تعلیم ہیں۔ دوسری جانب دانش سکولوں میں بلوچستان کے بچوں کے 10 فیصد کوٹہ کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز بلوچستان اور دیگر صوبوں کے نوجوانوں کے بارے میں نرم گوشہ رکھتی ہیں۔ اسی لئے انہوں نے سکالرشپ، داخلوں کے کوٹے اور لیپ ٹاپ سکیم میں دوسرے صوبوں کے طلباء کو خصوصی طور پر شامل کیا ہے۔ اس موقع پر رانا سکندر حیات اور صہیب احمد برتھ نے وفد میں شامل تمام طلباء کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایک ایک لیپ ٹاپ کا تحفہ بھی دیا۔