سٹی ٹریفک پولیس ملتان کا ملٹی نیشنل کمپنی کے ملازمین کیلئے روڈ سیفٹی سیمینار، محفوظ ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین پر آگاہی

2

ملتان،22 جولائی (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس ملتان کے ایجوکیشن یونٹ کے زیر اہتمام ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے اسٹاف ممبران اور ڈرائیوروں کے لیے روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ملتان محمد نبیل کھوکھر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

سی ٹی او محمد نبیل کھوکھر نے شرکاء کو ٹریفک قوانین، رفتار کی حد، سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال، لین ڈسپلن اور دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر پر تفصیلی آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ہی محفوظ سفر اور حادثات کی روک تھام کی ضمانت ہے۔سیمینار میں شرکاء کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا، اس کے طریقۂ کار، شرائط اور نوجوان ڈرائیوروں کے لیے اس کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انچارج ایجوکیشن یونٹ انسپکٹر سہیل احمد نے ملٹی میڈیا پریذنٹیشن کے ذریعے ٹریفک حادثات کی ویڈیوز دکھائیں اور ان کی وجوہات و نقصانات پر روشنی ڈالی۔

اختتام پر سی ٹی او ملتان نے شرکاء میں معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے، جبکہ کمپنی انتظامیہ نے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری اور محفوظ سفری ماحول کے فروغ کے لیے سٹی ٹریفک پولیس ملتان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔