سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

3

شمالی کیلیفورنیا، 9 جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے شمالی کیلیفورنیا میں مقیم پاکستانی برادری کے اعزاز میں منعقدہ تعارفی ناشتے کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سب سے مقدم ہے اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اصل شناخت کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ پاکستان سے ہے، اس لیے بیرونِ ملک مقیم تمام پاکستانی ایک پرچم تلے متحد ہو کر ملک کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے اجاگر کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے 2035 تک پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے حصول میں اوورسیز پاکستانی کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بیرونِ ملک پاکستانی برآمدات کے سفیر بنیں اور سرمایہ کاری، علم، مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی روابط کے ذریعے وطن کی ترقی میں بھرپور حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری کا انحصار برآمدات میں غیر معمولی اضافے پر ہے اور 2035 تک 100 ارب ڈالر سے زائد برآمدات کا ہدف قومی معیشت کو مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور اوورسیز پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ “اُڑان پاکستان” کا مقصد ملک کو پائیدار، جدید اور علم پر مبنی معیشت میں تبدیل کرنا ہے، جبکہ ای پاکستان قومی ترجیح ہے اور مصنوعی ذہانت پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے عالمی انقلاب کے لیے ملک کو تیار کر رہی ہے اور قومی مراکز برائے مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، بگ ڈیٹا، روبوٹکس، جینومکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ کے قیام پر کام جاری ہے تاکہ مستقبل کی معیشت کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ امریکہ پاکستان نالج کوریڈور کے ذریعے عالمی معیار کی انسانی صلاحیتیں تیار کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی ممتاز جامعات کے ساتھ شراکت داری پاکستان کی ترقی کو نئی رفتار دے گی اور علم پر مبنی معیشت کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔

وفاقی وزیر نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیت، تجربے، سرمایہ کاری اور عالمی روابط کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں اور “اُڑان پاکستان” کے قومی مشن میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ہمیں سیاسی وابستگیوں سے نہیں بلکہ پاکستانی شناخت سے پہچانتی ہے، اس لیے پاکستان کا وقار اور مثبت تشخص ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ٹیم پاکستان” کے جذبے کے ساتھ متحد ہو کر ہی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندۂ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر شمالی کیلیفورنیا کی پاکستانی برادری نے پاکستان کی ترقی کے لیے سرمایہ کاری، علم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ تقریب کے شرکاء نے “پاکستان سب سے مقدم” کے پیغام کو بھرپور سراہتے ہوئے قومی ترقی میں اپنی شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔