اسلام آباد، 22 جولائی ( اے پی پی): سینٹرل ایشین والی بال ایسوسی ایشن (کاوا) مینز والی بال چیمپئن شپ اسلام آباد میں شروع ہو گئی۔ سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ چیمپئن شپ میں میزبان پاکستان کے علاوہ سری لنکا،بنگلہ دیش،ازبکستان،قازقستان اور نیپال کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔
افتتاحی تقریب میں صدر پاکستان والی بال فیڈریشن سہیل خاور میر اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے عہدیداران نے شرکت کی۔
سیکریٹری پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری یعقوب نے افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینٹرل ایشین والی بال ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ چیمپئن شپ ورلڈ رینکنگ کے اعتبار سے انتہائی اہم ایونٹ ہے، انڈیا نے ٹیم کو ٹورنامنٹ میں شمولیت کے لیے اپلائی کیا تھا لیکن این او سی نا ملنے کی وجہ سے بھارت کی ٹیم شمولیت نا کر سکی جبکہ افغانستان ٹیم لیٹ اپلائی کرنے کی وجہ سے شامل نا ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کئی بین الاقوامی اینونٹس میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔نجی شعبے کو والی بال کی بہتری کےلئے سامنے آنا ہوگا۔چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں قازقستان نے نیپال کو 3-2سے شکست دے دی۔











