لودھراں میں “سانجھی سبزی، سستی نہیں مفت سبزی” پروگرام تیز، 200 کنال سرکاری اراضی پر سبزیوں کی کاشت کا آغاز

0

لودھراں ,25 جولائی)اےپی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی منصوبے “سانجھی سبزی، سستی نہیں مفت سبزی” کے تحت لودھراں میں پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرصدارت کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز فرخ اللہ خان، اصغر اقبال لغاری، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ملک محمد ظفر اور مختلف محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “سانجھی سبزی” وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی عوامی فلاحی پروگرام ہے، جس کا مقصد گھریلو اور چھوٹے پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کو فروغ دینا اور عوام کو تازہ سبزیوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع لودھراں میں مختلف سرکاری محکموں کی 200 کنال فالتو اراضی پر مقامی سبزیوں کی کاشت کی جا رہی ہے، جبکہ تیار ہونے والی سبزیاں سرکاری ملازمین میں مفت تقسیم کی جائیں گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ سبزیوں کی کاشت کے لیے مختص مقامات کی جیو ٹیگ لوکیشن اور تصاویر باقاعدگی سے شیئر کی جائیں، جبکہ پروگرام کی مؤثر تشہیر کے لیے نمایاں مقامات پر پینا فلیکس بھی آویزاں کیے جائیں۔اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے اپنے اداروں میں جاری اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ ڈائریکٹر زراعت توسیع ملک محمد ظفر نے “سانجھی سبزی” پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کاشت، نگرانی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔