ملتان:6جولائی ( اے پی پی): کمشنر و سابق چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان عامر کریم خاں کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا اہتمام نئے چیئرمین بورڈ ڈاکٹر اعجاز احمد کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقع پر کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں کا تعلیمی بورڈ آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔مقررین نے بطور چیئرمین تعلیمی بورڈ عامر کریم خاں کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ڈیڑھ سالہ دورِ ذمہ داری میں گڈ گورننس، نظم و ضبط، شفاف امتحانی نظام، میرٹ کی بالادستی اور ادارہ جاتی اصلاحات کو فروغ دیا۔
انہوں نے ملازمین کی فلاح و بہبود اور طلبہ کے بہترین مفاد کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے، جن کے مثبت نتائج سامنے آئے۔اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی بورڈ ملتان کی کامیابیاں پوری ٹیم کی مشترکہ محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے سیکرٹری بورڈ، کنٹرولر امتحانات، تمام افسران اور ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شفافیت، میرٹ اور طلبہ کے مفاد کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی، جس سے ادارے پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوا۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین بورڈ ڈاکٹر اعجاز احمد اور دیگر افسران نے کمشنر عامر کریم خاں کو ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں یادگاری سووینئر پیش کیا اور ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب میں چیئرمین تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اعجاز احمد، سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عمران احمد، بورڈ آف گورنرز کے ارکان، برانچ افسران، ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور بورڈ کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔











