ملتان،6جولائی(اے پی پی):ضلع ملتان کے نئے ڈپٹی کمشنر محمد فیصل سلیم نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ چارج سنبھالتے ہی انہوں نے ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس طلب کیا، جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں، شہر کی خوبصورتی (بیوٹیفکیشن) اور انفراسٹرکچر سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر نواز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار سمیت مختلف ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد فیصل سلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس خطے کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں اور وہ شہرِ اولیاء کی ترقی اور عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ادارے بہتر سروس ڈیلیوری کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ محکموں کی کارکردگی کو مؤثر انداز میں جانچنے کے لیے مانیٹرنگ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ ناقص کارکردگی کے حامل افسران اور اہلکاروں کا سخت احتساب کیا جائے گا۔











