ملتان ،26 جولائی(اے پی پی ):: ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مہنگائی مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں،بازاروں میں سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق رواں ماہ ضلع بھر میں 61 ہزار سے زائد انسپکشنز کی گئیں، جبکہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر گراں فروشوں کو 5 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔ ایک ماہ کے دوران 330 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 5 مقدمات بھی درج کیے گئے۔ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں، جبکہ شہری گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی کی صورت میں فوری شکایت درج کرائیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا سکے











