وزیر داخلہ محسن نقوی کا تربت میں فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، جدید ہسپتال کا افتتاح

4

تربت، 26 جولائی ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربت میں فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ہے۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی کے جدید ترین ہسپتال کا افتتاح کیا۔ انہوں نے او پی ڈی، مختلف وارڈز، ایم آر آئی، سی ٹی سکین رومز اور آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس سے ملاقات کی اور دکھی انسانیت کی بھرپور خدمت کی تلقین کی۔

وزیر داخلہ نے جدید ہسپتال کو مختصر مدت میں مکمل کرنے پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی ہسپتال کو اتنی جلد فنکشنل دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تربت میں علاج معالجے کی جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال  کی اشد ضرورت تھی۔ تربت کی مقامی آبادی کو بھی علاج معالجے کی یہ بہترین سہولت میسر ہو گی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو ایف سی ہسپتال میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔

آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو فورس کی پیشہ وارانہ تربیت اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ نے فتنہ الہندوستان سمیت تمام کالعدم دہشتگرد گروہوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر ایف سی بلوچستان (نارتھ) کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔