سیالکوٹ،16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مملکت برائے منصوبہ بندی و ترقی چوہدری ارمغان سبحانی نے شہدا سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ وہ اس بیان پر شہدا کے خاندانوں اور عوام سے معافی مانگیں، آج اس وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور غازیوں کے اہلخانہ سمیت 25 کروڑ عوام دکھی ہیں،شہدا کا تو کوئی مقابلہ یا قیمت نہیں ہوسکتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا کہ شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو تنخواہ یا مراعات سے نہیں تولا جا سکتا ، شہدا کی قربانیوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان آج بھی ہمارے لیے قابل احترام ہیں تاہم شہدا کے اہلخانہ کے جذبات کا احترام پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہدااور غازیوں کی قربانیوں کی کوئی قیمت نہیں لگائی جا سکتی، پاک فوج کے شہداپوری قوم کا فخر ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مہاجرین کشمیر کی 12 مخصوص نشستیں برقرار رکھی جائیں، پاکستان میں کشمیریوں سے ان کی شناخت اور نمائندگی چھیننے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، ایک جانب مہاجرین کی 12 نشستیں ختم کرنے کی بات کی جا رہی ہے جو کہ انہیں مہاجرینِ کشمیر کی مخصوص نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے سے محروم رکھنے کی کوشش ہے، لاکھوں کشمیری 1947ء کی ہجرت کے بعد پاکستان آئے اور انہوں نے بے شمار قربانیاں دیں، اس لیے ان کی نمائندگی ختم کرنا تاریخ اور قربانیوں سے انکار کے مترادف ہوگا، اگر نشستیں ختم کی جاتی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے وفادار ہیں اور ان کی حب الوطنی پر سوال اٹھانا مناسب نہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بعض عناصر کے دھرنوں اور احتجاجی سرگرمیوں کے پیچھے دیار غیر میں بسنے والے دشمن ہیں ۔انہوں نے مذید کہا کہ 27 جولائی کو آزاد کشمیر میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوں گے، عوام بھرپور طریقے سے حق رائے دہی استعمال کریں،کچھ عناصر پاکستان اور کشمیر کے درمیان نفرت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کشمیر سے ہے اور کشمیر پاکستان سے ہے،کشمیریوں اور پاکستان کے عوام نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، یہ رشتہ کبھی کمزور نہیں ہوگا۔











