میرپور: وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی کا پارٹی کارکنوں سے خطاب

1

میر پور،12 جولائی ( اے پی پی):ضلع میر پور کے لئے مسلم لیگ (ن) کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اور  وزیر مملکت  برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے  کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کشمیر کی ترقی اور کشمیر کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ  ہے جبکہ کشمیر کاز کی طرح کشمیریوں کی ترقی، خوش حالی ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔

 میرپور میں کارنر میٹنگ سے خطاب میں وزیرِ مملکت کا کہنا تھا   کہ  کشمیری ہمارے بھائی ہیں، اُن سے ہمارا رشتہ اٹوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہو یا آزاد کشمیر، گزرے کل کی طرح آج بھی ترقی کا ایک ہی نشان، علامت اور ضمانت صرف نوازشریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف وہ عظیم شخص ہے جس نے ملک کی بے مثال خدمت کی ہے۔ نوازشریف نے ملک کی ترقی یقینی بنائی، موٹر وے اور بجلی گھر بنائے، روزگار دیا، ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ نوازشریف نے ہمیشہ کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ اور ترقی کو یقینی بنایا۔ نوازشریف، وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلی مریم نوازشریف کا کشمیر سے خصوصی رشتہ ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ موٹر وے لاہور سے سیالکوٹ پہنچ چکی ہے، سیالکوٹ سے کھاریاں تک کے مرحلے پر کام جاری ہے۔ کھاریاں سے راولپنڈی موٹر وے سیکشن کا کنٹریکٹ ہوگیا ہے، جلد کام شروع اور وزیراعظم شہبازشریف کے دور میں مکمل ہو گا۔ کھاریاں راولپنڈی موٹر وے سے میر پور اور آزاد کشمیر کی عوام کو بھی سفری سہولت کا فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف آزاد کشمیر میں دانش سکولوں اور یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کرچکے ہیں۔ منگلا سے میر پور آتے ہوئے عوام کو پُل پر پیش آنے والی مشکلات فوری حل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے خستہ حال دینہ منگلا روڈ تعمیر کرائی۔وزیر مملکت نے کہا کہ جہلم کی طرح میر پور بھی میرا گھر ہے۔ بچپن سے یہی حقیقت دیکھتا آیا ہوں کہ جہلم میر پور ہے اور میر پور جہلم ہے۔

اس موقع پر حلقہ کوآرڈینیٹر ایل اے 1 ذوالفقار بھنڈر، حلقہ کوآرڈینیٹر ایل اے 2 مدثر قیوم ناہرہ، حلقہ کوآرڈینیٹر ایل اے 3 علی گوہر خان بلوچ اور حلقہ کوآرڈینیٹر ایل اے 4 عارف گِل، مسلم لیگ (ن) کے ایل اے 3 سے امیدوار چوہدری محمد سعید سمیت دیگر راہنماؤں نے بھی کارنر میٹنگ سے خطاب کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے نوازشریف زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔قبل ازیں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے چوہدری سعید کی رہائش گاہ پر ایل اے 1، ایل اے 2، ایل اے 3 اور ایل اے 4 کے حلقوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں مستقبل کی حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں ایل اے 2 سے امیدوار عظیم بخش چوہدری، ایل اے 3 سے امیدوار چوہدری محمد سعید اور ایل اے 4 سے امیدوار چوہدری رخسار احمد کے علاوہ چاروں انتخابی حلقوں کے چاروں کوآرڈینیٹرز بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ضلع میر پور کے چار انتخابی حلقوں کے حوالے سے انتخابی مہم، اب تک کے انتظامات اور پولنگ ڈے کی ذمہ داریوں سے متعلق جائزہ لیا گیا۔