وفاقی وزیر احسن اقبال کی ڈیلس ریجنل چیمبر کے صدر ، سی ای او  سے ملاقات

5

ڈیلس ،11 جولائی ( اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ڈیلس ریجنل چیمبر کے صدر اور سی ای او بریڈ چیوز سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

ڈیلس ریجنل چیمبر کی قیادت میں ٹیکساس کی معروف امریکی کمپنیوں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ امریکی کاروباری وفد پاکستان کی اعلیٰ جامعات، آئی ٹی کمپنیوں، لاجسٹکس شعبے اور چیمبرز آف کامرس سے ملاقاتیں کرے گا۔

ملاقات میں پاکستان میں امریکی جامعات کے کیمپس کے قیام اور تعلیمی شراکت داریوں کے فروغ پر بھی اتفاق ہوا۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیکنالوجی، تعلیم، تجارت اور صاف توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستانی اور امریکی چیمبرز آف کامرس کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی جامعات اور معروف امریکی جامعات کے درمیان تعلیمی و تحقیقی شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔ پاکستان میں عالمی معیار کے تعلیمی تعاون اور علم کے تبادلے کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکساس کی کمپنیوں کے لیے پاکستان سرمایہ کاری، اختراع اور علاقائی کاروبار کا موزوں مرکز ہے۔ پاکستان میں نوجوان اور انگریزی بولنے والی باصلاحیت افرادی قوت عالمی سرمایہ کاروں کے لیے بڑی کشش رکھتی ہے۔ پاکستان آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور عالمی کمپنیوں کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں۔ متعدد بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں تحقیق، ترقی اور بیک اینڈ آپریشنز کامیابی سے چلا رہی ہیں۔ حکومت جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ٹیکساس کے درمیان موسمی حالات، قدرتی وسائل اور کاروباری مواقع میں نمایاں مماثلت پائی جاتی ہے۔ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ امریکی سرمایہ کار پاکستان کی علاقائی اقتصادی انضمام کی حکمت عملی سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی، پانی کے مؤثر استعمال اور آبی ذخائر کی تعمیر میں امریکی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ کاروباری اداروں کو صرف تجارت نہیں بلکہ عوام کے معیارِ زندگی کی بہتری میں بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سرمایہ کاری، اختراع، تعلیم اور پائیدار ترقی پر مبنی دیرپا شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ ڈیلس ریجنل چیمبر کی قیادت میں امریکی کاروباری وفد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے معاشی تعلقات میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔