ملتان، 07 جولائی ( اے پی پی): ملتان میں جاری پاکستان انڈر 19 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ میں ہیڈ کوچ شاہد انور کا کہنا ہے کہ 31 نوجوان کرکٹرز کی تکنیکی صلاحیتوں کو نکھارنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ مستقبل کے لیے بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی تیار کیے جا سکیں، جبکہ کیمپ اگست کے آخری ہفتے تک جاری رہے گا جس کے بعد ٹیم ستمبر میں انگلینڈ کے دورے پر ایک چار روزہ اور چار ون ڈے میچز کھیلے گی۔
انہوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران جہاں ہیڈ کوچ کھلاڑیوں کے کھیل کا تفصیلی جائزہ لے کر بنیادی اصولوں پر گرفت مضبوط کروا رہے ہیں، وہاں فاسٹ بولنگ کوچ راؤ افتخار بولرز کو جارحانہ سوچ اور ذہنی و جسمانی مضبوطی، سپن باؤلنگ کوچ ذوہیب خان درست لائن و لینتھ اور وکٹیں لینے کی حکمتِ عملی، اور فیلڈنگ کوچ منصور امجد تکنیکی خامیوں کو دور کر کے کھلاڑیوں کی فیلڈنگ اور ذہنی مضبوطی کو بہتر بنانے کی تربیت دے رہے ہیں۔











