وزیراعظم کی زیرِ صدارت اجلاس، نوجوانوں کے روزگار اور امیگریشن نظام کو ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت

2

اسلام آباد، 6 جولائی  (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنے کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کو پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے نئے مواقع کی تلاش میں تیزی لانے اور پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے تمام تر نظام کو فوری طور پر ڈیجیٹائیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 وزیرِ اعظم نے تاکید کی کہ وزارت برائے سمندر پار مقیم پاکستانی، نیووٹیک اور یوتھ پروگرام افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں کو جدید ہنر اور مختلف زبانوں کے کورسز مع سرٹیفیکیشنز کی فراہمی یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت بے پناہ باصلاحیت ہے اور حکومت انہیں بین الاقوامی معیار کی تعلیم اور عالمی سطح پر رسائی دینے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے اداروں کو ہدایت کی کہ پاکستانی سرٹیفیکیشنز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف ممالک سے روابط مضبوط کیے جائیں اور جن ممالک میں پاکستانی ہنرمندوں کے لیے مواقع موجود ہیں، وہاں کی زبان کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے نیووٹیک کے تحت تکنیکی و فنی تربیت کے اداروں کی کارکردگی اور ‘کنٹری آف ڈیسٹینیشن سینٹرز’ کے قیام پر رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

اجلاس کے دوران افرادی قوت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب میں اب تک 8 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں۔

 بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ بیرون ملک تعمیرات، زراعت، سیاحت، صحت، ٹرانسپورٹ، بائیوٹیکنالوجی، مینیوفیکچرنگ، شپ بلڈنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، نرسنگ، دواسازی اور اشیاء خورونوش کی تیاری کے شعبوں میں روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ان شعبوں میں پاکستانیوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے تربیتی پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ مزید برآں، پاکستانی سفارتخانے اب مختلف ممالک میں میسر روزگار کے مواقع اور ان کے لیے درکار قابلیت کا ڈیٹا ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر فراہم کریں گے۔

اس اہم جائزہ اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین نیوٹیک راجا قمر الاسلام، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔