سیالکوٹ، 18 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے عدالت گڑھا، سیالکوٹ میں 1984 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ایک کلومیٹر طویل فیض احمد فیض فلائی اوور کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ یہ فلائی اوور شہر اور اس آبادی کے لیے ایک اہم عوامی سہولت ثابت ہوگا، جس سے ٹریفک کے دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اہلِ علاقہ کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کی تکمیل پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سیالکوٹ رنگ روڈ کے پہلے مرحلے پر جلد کام شروع ہوگا، جس کے تحت وزیرآباد روڈ، ڈسکہ روڈ، ایمن آباد روڈ اور پسرور روڈ کو آپس میں منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے شہر میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف معاشی مشکلات کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس فلائی اوور سے وزیرآباد روڈ تک بہتر رسائی میسر آئے گی جبکہ یہ منصوبہ مستقبل میں رنگ روڈ سے بھی منسلک ہوگا، جس سے شہری آمدورفت، صنعتی سرگرمیوں اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دو سال قبل سیالکوٹ کی خدمت کا جو سفر شروع کیا تھا، اس میں شہر کی نمائندگی کا حق ادا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام کے سامنے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کی مکمل روداد پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کھاریاں سے روات تک موٹروے کے تقریباً 250 ارب روپے کے منصوبے کا ٹھیکہ ایف ڈبلیو او کو دیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے اس پورے خطے کی معاشی ترقی اور قومی دفاع دونوں کے لئے انتہائی اہم منصوبہ ہے، جس کی تکمیل میں وفاقی حکومت، میاں محمد نواز شریف اور عسکری قیادت کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیالکوٹ کو ریلوے کی برانچ لائن کا شہر کہا جاتا تھا مگر اسے وہ سہولیات میسر نہیں تھیں جن کا یہ حق دار تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ جی ٹی روڈ تو سیالکوٹ نہ آ سکی، تاہم میاں محمد نواز شریف اس شہر کے لئے موٹروے کا عظیم منصوبہ لے کر آئے، جو ان کے سیاسی سفر کا ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔وفاقی وزیر نے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ تمام منظور شدہ اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ مؤثر رابطہ اور تیز رفتار پیش رفت کو یقینی بنانے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور ضلعی انتظامیہ کی باہمی کوآرڈینیشن سے ہی یہ منصوبے آگے بڑھیں گے۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سیالکوٹ بڑے سپوتوں کی سرزمین ہے اور فیض احمد فیض اسی شہر کے عظیم فرزند، انقلابی شاعر اور محنت کش طبقے کی آواز تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیض احمد فیض کا کلام آج بھی نئی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، اسی لیے اہلِ سیالکوٹ کی خواہش پر اس فلائی اوور کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے محسنوں کو فراموش کر دیتی ہیں، تاریخ بھی انہیں فراموش کر دیتی ہے۔











