حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے 787ویں عرس کا کل سے آغاز، ضلعی انتظامیہ کے تمام انتظامات مکمل

7

ملتان ،19 جولائی(اے پی پی ): شیخ الاسلام حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے 787ویں سالانہ عرس مبارک کا کل سے آغاز ہوگا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے تین روزہ تقریبات کے لیے سکیورٹی، صفائی، ٹریفک، قیام و طعام اور دیگر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت دربار حضرت بہاؤالدین زکریاؒ پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ محمد مدثر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکی سحر سمیت متعلقہ ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ عرس مبارک کے موقع پر زائرین کی بہترین مہمان نوازی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی، سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو مثالی بنایا جائے تاکہ زائرین اور شرکاء پر خوشگوار تاثر قائم ہو۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ زائرین کے لیے بہترین قیام و طعام، مؤثر ٹریفک پلان اور سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، جبکہ تمام ضلعی محکمے تین روز تک قلعہ کہنہ قاسم باغ میں اپنے کیمپس قائم رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر چوکس رہے گی۔ دربار شریف کے اطراف، قیام گاہوں اور دیگر حساس مقامات کی مکمل سکریننگ کی جا چکی ہے، جبکہ شدید گرمی کے پیش نظر زائرین کی سہولت کے لیے ٹھنڈے پانی کی سبیلیں بھی قائم کی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ عرس کے دوران زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔