وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان سے گوجرانوالہ سمال چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات

3

اسلام آباد، 30جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے گوجرانوالہ سمال چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، برآمدات کے فروغ، صنعتی شعبے کو درپیش امور اور کاروباری سہولیات سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گوجرانوالہ سمال چیمبر آف کامرس کے وفد نے ایس ایم ایز کی ترقی، برآمدی استعداد میں اضافے اور صنعتی شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے وزیر تجارت کو بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت اور برآمدات کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جبکہ ایس ایم ایز کی ترقی اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کے لیے افریقی منڈیوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں اور حکومت ان منڈیوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کے لیے مالی سہولیات اور ایکسپورٹ فنانسنگ کو مزید بہتر بنا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی، آٹومیشن اور عالمی معیار کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی مسابقت میں مزید اضافہ ہو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول کے فروغ کے لیے غیر ضروری لائسنسنگ اور ریگولیٹری پیچیدگیوں کو ختم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے گوجرانوالہ سمال چیمبر آف کامرس کو یقین دلایا کہ وزارتِ تجارت چیمبر کی تجاویز پر ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ ملکی صنعت، تجارت اور برآمدات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔