وفاقی وزیر  احد چیمہ ، مشیر وزیراعظم آفس ڈاکٹر توقیر شاہ کی زیرصدارت وفاقی سیکریٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد

3

اسلام آباد، 25 جولائی ( اے پی پی): وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور مشیر وزیراعظم آفس ڈاکٹر توقیر شاہ کی زیرصدارت وفاقی سیکریٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا  ۔

اجلاس  میں وفاقی سیکریٹریز اور وزیراعظم آفس کے افسران سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں پرائم منسٹرز آفس سسٹم (پی ایم او ایس) پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے مختلف امور پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم آفس میں قائم گورننس ریفامز یونٹ کے سربراہ مشرف رسول نے اجلاس میں پی ایم او ایس پر تفصیلی بریفنگ دی۔

پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے حکام نے پی ایم او ایس سے متعلق سیکریٹریز کے سوالوں کے تفصیلی جوابات دیے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر احد چیمہ نے ہدایت کی کہ سیکریٹرز اپنی متعلقہ وزارتوں سے جلد از جلد سارا ڈیٹا پی ایم او ایس پر اپلوڈ کروائیں۔سیکریٹریز روزانہ کم از کم دو مرتبہ اس سسٹم پر اپنے سپرد کردہ امور کا جائزہ لیں اور ان کی نگرانی کریں تاکہ یہ نظام مزید مضبوط ہو۔

احد چیمہ نے کہا کہ پی ایم او ایس حکومت کا مرکزی ڈیجیٹل کمانڈ اینڈ کوآرڈینیشن پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر تمام وزارتوں کو بروقت عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جن احکامات پر عملدرآمد کے لئے وقت درکار ہوگا تو بالکل مناسب وقت دیا جائے گا، سسٹم میں آپشن موجود ہے سیکریٹریز ٹھوس جواز کی بنیاد پر ڈیڈلائن میں توسیع کروا سکتے ہیں  لیکن وزیراعظم آفس اس ڈیڈلائن پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے وقتاًفوقتاً جائزہ لے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اب روایتی خط و کتابت کی بجائے رئیل ٹائم فالو اپ ہوگا اور اس پر جائزہ اجلاس بھی ہوں گے۔

وفاقی سیکریٹریز کا پی ایم او ایس کو کامیاب اور مکمل فعال بنانے کے عزم کا اعادہ  کرتے ہوئے کہا کہ  پی ایم او ایس ڈیجیٹل گورننس کے ذریعے حکومتی نظام کو مزید مستحکم کرے گا۔